بنگلورو۔28؍نومبر(ایس او نیوز) کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر جی پرمیشور گندگی کی نکاسی اور اس کی پروسیسنگ کے منصوبے کا جائزہ لینے کے لئے آج دورۂ فرانس پر روانہ ہوگئے۔
فرانس کے مختلف بڑے شہروں میں روزانہ اٹھائی جانے والی گندگی اور اس کی پروسیسنگ کا نظام دنیا کا سب سے بہترین مانا جاتا ہے۔ اس نظام کو شہر بنگلور میں کس حد تک استعمال میں لایا جاسکتا ہے اس کا جائزہ لینے کے لئے ڈاکٹر پرمیشور وہاں کے بلدی حکام سے تبادلۂ خیال کریں گے۔
ڈاکٹر پرمیشور کا یہ چھ روزہ دورہ 3؍ دسمبر تک جاری رہے گا ان ایام میں فرانس کی راجدھانی پیریس کے علاوہ وہاں کے مختلف شہروں کا دورہ کریں گے۔ بتایا جاتاہے کہ بنگلور سے روانہ ہونے کے بعد ڈاکٹر پرمیشور جرمنی کے شہر فرانکفرٹ میں اتریں گے اور وہاں سے فرانس کے شہر ڈسلڈاف پہنچ کر وہاں گندگی کے نکاسی کے جائزے کا آغاز کریں گے۔
بتایاجاتا ہے کہ ڈسلڈاف میں روزانہ گندگی کی جو نکاسی کی جاتی ہے اس کے استعمال سے کافی مقدار میں توانائی کی پیداوار کی جاتی ہے۔ فرانس میں بھاری مقدار میں ای ویسٹ بھی نکالا جاتاہے، اس کی پروسیسنگ اس ملک میں کس طرح کی جاتی ہے ڈاکٹر پرمیشور اپنے دورے کے دوسرے دن اس کا جائزہ لیں گے۔
یکم دسمبر کو فرانس کے شہر لیوان میں گندگی کی نکاسی اور اس سے توانائی کی پیداوار کے علاوہ اس کے ذریعے گاڑیوں کے ایندھن کی تیاری کے منصوبے کا بھی جائزہ لیں گے۔ بعد میں وہ زورک روانہ ہوں گے 4دسمبرکی صبح بنگلور لوٹ آئیں گے۔ ڈاکٹر پرمیشور کے ساتھ محکمۂ شہری ترقیات کے اڈیشنل چیف سکریٹری مہیندر جین ، بی بی ایم پی کمشنر منجوناتھ پرساد بھی روانہ ہوئے ہیں۔